ریاض (این این آئی)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے فرانس کے سابق صدر یاک شیراک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق دونوں رہ نمائوں کی طرف سے فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کو بھیجے گئے تعزیتی پیغامات میں یاک شیراک کی وفات پر تعزیت کی گئی۔شاہ سلمان نے نے اپنے برقی پیغام میں کہا کہ ہمیں جمہوریہ فرانس کے سابق صدریاک شیراک کی موت کی خبر موصول ہوئی ہے۔ ہم سعودی عرب کی حکومت اور عوام کی طرف سے یاک
شیراک کی وفات پر تعزیت اورپر خلوص ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز فرانس کے سابق صدر یاک شیراک کی وفات پر صدر ماکروں کو تعزیتی پیغام بھیجا۔ ولی عہد شہزادہ محمد نے کہا کہ یاک شیراک کی موت کی خبر المناک ہے۔ ہم فرانسیسی عوام، حکومت اور آنجہانی یاک شیراک کے خاندان کے ساتھ اس صدمے کے موقع پر دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔خیال رہے کہ یاک شیراک جمعرات کی صبح 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ سنہ 1995 میں جمہوریہ فرانس کے صدر کے عہدے پر منتخب اور 17 مئی 2007 تک فرانس کے صدر رہے۔