ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کی اشتعال انگیزی کو قابوکرنے کیلئے اس پر ہر ممکن معاشی دباؤ بڑھائیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ ابراہیم عبدالعزیز الاساف نے ایک بار پھر سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا۔سعودی وزیر نے کہاکہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں اس اشتعال انگیزی کے پیچھے کون ہے، ان حملوں سے واضح ہوگیا ہے کہ ایران کی پالیسیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور دنیا کے امن اوراستحکام کیلئے خطرہ ہے۔
ابراہیم الاساف نے کہا کہ ایرانی حکومت گزشتہ 40 سال سے خطے میں دہشت گردی کی قیادت کررہی ہے،ایرانی نظام نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ایران پر معاشی پابندیوں کے ذریعے ہی اس کے عسکریت پسندانہ عزائم، میزائل پروگرام اور خطے کو عدم استحکام کرنے والی سرگرمیوں سیکو روکا جاسکتا ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران کی اشتعال انگیزی کو قابو میں کرنے کیلئے معاشی پابندیوں سمیت ہر ممکن طریقہ استعمال کریں۔