کنساسا(این این آئی)وسطی افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں مال گاڑی کے حادثے میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کانگو کے وزیر برائے انسانی امور اسٹیو مبکیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنوب مشرقی صوبے تانگانیکا میں مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجے مائیباریدی شہر کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا۔
جس میں مال گاڑی پٹری سے اتر کر الٹ گئی۔انہوں نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ صوبائی اطلاعات کے مطابق 50 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب عینی شاہدین اور مقامی میڈیا نے حادثے میں 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا۔کانگو کی نیشنل ریل کمپنی (ایس این سی سی) کی یونین کے سربراہ وکٹر امبا نے کہا کہ مال گاڑی نیانزو سے نیمبا کی جانب گامزن تھی جب 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے کے متاثرہ افراد ٹکٹ کے سفر کررہے تھے اس لیے محکمہ ریلوے کے لیے ٹھیک اعداد و شمار بتانا ناممکن ہے۔وکٹر امبانے بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پٹری سے اترنے والی بوگیوں میں اکثر وہ افراد پھنسے ہوئے ہیں جو بغیر ٹکٹ کے سفر کررہے تھے۔خیال رہے کہ کانگو میں ٹرین کا نظام انتہائی خستہ حال اور ٹریکس بھی خراب ہیں جبکہ بیشتر ٹرینیں 1960 کی دہائی کی ہیں۔اس سے قبل رواں برس مارچ میں کانگو کے وسطی علاقے کسائی میں ’غیرقانونی مسافر‘ پر مشتمل مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے تھے۔گزشتہ برس نومبر میں شمالی علاقے سامبا میں مال گاڑی کے حادثے میں 10 مسافر ہلاک اور 24 زخمی ہوئے تھے۔نومبر 2017 میں جنوبی صوبے میں 35 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے تھے جب آئل لے جانے والی مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔کانگو میں دیگر سرکاری اداروں کی طرح نیشنل ریلوے کمپنی آف کانگو( ایس این سی سی ) بھی کرپشن کا شکار ہے۔