نئی دہلی(این این آئی ) بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی امور اجیت دوول نے عقل و دانش سے ماورا دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر میں پابندیوں کے خاتمے کا انحصار پاکستانی رویے پر ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت میں وفاقی وزیر کے
منصب کے حامل قومی مشیر برائے سلامتی امور اجیت دوول نے مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر دنیا بھر سے اٹھنے والی انسانی آوازوں کی توجہ حقائق سے مبذول کرانے کے لیے انوکھی منطق پیش کی کہ اگر پاکستان پراپیگنڈا بند کردے تو کشمیر سے بلیک آؤٹ کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں حالات کے معمول پر آنے کے لیے پاکستان کا بہتر رویہ ضروری ہے۔ہمالیائی وادی میں نہتے، بے گناہ اور مظلوم کشمیریوں کے خلاف اپنی درندہ صفت قابض افواج کے ذریعے بہیمانہ مظالم اور جبر و تشدد کی گھناؤنی تاریخ رقم کرنے والے بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی امور نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پاکستان خطے میں گڑ بڑ پیدا کرنا چاہتا ہے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں حالات خود ان کی اپنی حکومت نے خراب کیے ہیں۔اجیت دوول نے یہ دعویٰ اور الزام ایک ایسے وقت میں عائد کیا کہ جب مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری تازہ ریاستی جبر و تشدد کو36 دن گزر چکے ہیں اورعالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اب مظلوم کشمیریوں کے حق میں آوازیں بلند کرنے لگی ہیں۔