جدہ(آن لائن)سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنان کو لوٹنے والا سعودی گروہ گرفتار کر لیا گیا۔سعودی عرب میں مشرقی ریجن کے پولیس ترجمان کے مطابق یہ گروہ 3شہریوں پر مشتمل تھا۔ نقاب پہن کر کارروائیاں کر رہا تھا۔رہزنی، چوری اور گھروں میں گھس کر غیر ملکی ملازمائوں کیخلاف وارداتوں میں سرگرم تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ سعودی شہریوں نے دمام ، الخبر اور الظہران شہروں میں 5گاڑیاں چوری کیں جبکہ تجارتی مراکز پر حملے کر
کے سامان اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے تھے۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ سعودی شہریوں نے گھر میں گھس کر ایک گھریلو ملازمہ کے ساتھ زیادتی بھی کی تھی۔وہ اپنے اسپانسر کے گھر میں رہ رہی تھی۔پولیس نے رہزنوں کے قبضے سے پستول ، نقاب اور دیگر اشیاء برآمد کر لیں۔پولیس ترجمان نے سبق کو بتایا کہ سعودی ڈاکوئوں کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان ہیں۔انہوں نے دوران تفتیش 6 وارداتوں ،گاڑیاں چوری کرنے کے 5 واقعات کا اعتراف کر لیا ہے۔