ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے باور کرایا ہے کہ مملکت میں قائم تمام بوائز سکول معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔ ملک میں کوئی بوائز سکول بند نہیں کیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ والدین اور سرپرست حضرات اپنے بچوں کو نرسری یا پریپ کے بجائے براہ راست بوائز سکولوں کی ابتدائی جماعت میں داخل کرسکتے ہیں۔ یہ والدین کا اپنا اختیار ہے جس میں حکومت کی طرف سے کوئی عمل دخل نہیں۔
وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ پریپ اور نرسری اسکولوں کے ساتھ ساتھ بوائز سکولوں میں بھی معلمات تعینات کی گئی ہیں۔ اسکولوں میں کمرہ ہائے جماعت، الگ سے ٹوائلٹ اور دیگر سہولیات دی گئی ہیں۔ سکولوں میں بچوں کو مخلوط نہیں رکھا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب میں پری نرسنگ سکولوں کی تعداد 1460 ہے جن میں 3313 کلاسز قائم ہیں اور 83 ہزار بچے زیرتعلیم ہیں۔ ان سکولوں میں بچوں کے داخلے کی شرح 17 سے 21 فی صد ہے۔ جماعت اول کی 3483 کلاسز تیار کی گئی ہیں۔