نئی دہلی( آن لائن )سابق بھارتی وزیر خزانہ اوربھارتی جنتا پارٹی کے لیڈر ارون جیٹلی علالت کے باعث 66سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔تفصیلات کے مطابق66 سالہ ارون جیٹلی کو طبیعت بگڑنے پر 9 اگست کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔۔ہسپتال سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیر خزانہ کا انتقال مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجکر 7 منٹ پر ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم ارون جیٹلی کا
علاج کر رہی تھی۔ارون جیٹلی نے صحت کی خرابی کے باعث 2019 کے لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔انہیں ذیابیطس کے ساتھ ساتھ گردوں میں تکلیف کی بھی شکایت تھی اور گزشتہ سال مئی میں ان کے گردے کا ٹرانسپلانٹ بھی ہوا تھا۔ستمبر 2014 میں بھی وہ سرجری کے مرحلے سے گزرے تھے۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت جی سیون اجلاس میں شرکت کیلئے فرانس میں موجو د ہیں ۔