دوحہ (این این آئی)افغانستان میں 18 برس سے جاری جنگ کے خاتمے اور قیامِ امن کے سلسلے میں افغان طالبان اور امریکا کے مابین ہونیوالے مفاہمتی عمل میں غیر ملکی افواج کے انخلا کی مدت پر اتفاق ہو گیا۔طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انخلا کے وقت کے حوالے سے ہم سمجھوتے پر پہنچ چکے اور اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار کے حوالے سے بات چیت کی جارہی ہے۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا کiساتھ ہونیوالے مذاکرات کے نویں دور کے دوسرے روز کے بارے
میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہماری عمومی گفتگو ہوئی اورآئندہ ہم عملدرآمد کے بارے میں بات چیت کریں گے۔اپنی گفتگو میں سہیل شاہین نے افواج کے انخلا کے اوقات کار کے بارے میں کچھ نہیں بتایا البتہ افغان میڈیا میں طالبان ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کی مدت 15 ماہ سے 2 سال کے درمیان ہے۔طالبان ترجمان نے اس ٹائم فریم کی تصدیق کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ جب دونوں فریقین عملدرآمد کے طریقہ کار پر رضامند ہوجائیں گے تو اس کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔