ابوظہبی (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے باور کرایا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خلیج پیدا کرنے یا دونوں برادر مسلمان ملکوں کے اتحاد کو پارا پارا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ یمن اور ایران کے باب میں امارات اور سعودی عرب دونوں ایک صفحے پر ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں انہوں کہا کہ قطری میڈیا جہالت کا شکار ہے۔ اسے اندازہ نہیں کہ سعودی عرب اورا مارات
نے اتحاد کے لیے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ دونوں ملکوں نے گہرے نفوذ پرمبنی تعلقات، بات چیت، دوستی، ایک دوسرے کے دفاع تحفظ کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔انور قرقاش نے قطر اور اس کے ذرائع ابلاغ کی طرف سے کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کی مذمت کی اور کہا کہ قطر نے دوسرے ممالک کے درمیان انتشارپیدا کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے مفادات اور چیلنجز ایک ہیں اور دونوں ملک تمام مسائل کا مشترکہ حکمت علی کے تحت جواب دیں گے۔