ہیبرگ (این این آئی )متعدد بینک لوٹنے والی پنک لیڈی ڈاکو رانی کے نام سے مشہور ڈکیت سیرس بیز کو اْن کے ساتھی سمیت پنسلوانیا کی ایف بی آئی نے گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پنسلوانیا کے شہر ہیرسبرگ سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ سیرس بیز کو اْن کے ساتھی 38 سالہ الیکس مورالز
سمیت گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔ایف بی آئی کے مطابق اس ڈاکو رانی نے 3 ممالک میں اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر بینک لوٹنے کی کئی ورداتیں کیں اور ہر بار بڑی چالاکی سے وہاں سے بھاگ نکلیں یہاں تک کہ اس نے مشرقی ساحل کی پٹی پر بنے کئی بینکس بھی لوٹے۔ایف بی آئی کا کہنا تھا کہ پنک لیڈی نے انگلینڈ کے شہر کارلیس میں کی جانے والی اپنی پہلی واردات کا بھی اعتراف کر لیا ہے، ایف بی آئی کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کئے جانے والے اشتہاری پوسٹرموسٹ وانٹڈ کی مدد سے دونوں کو گرفتار کیا گیا، دونوں ڈاکووں نے رواں ماہ 7 دنوں کے دوران 4 بینکس لوٹے تھے۔ایف بی آئی آفیسر کامزید کہنا تھا کہ ڈاکو جوڑے نے حالیہ واردات جمعے کے دن شمالی کیرولائنا کے بی بی اینڈ ٹی بینک میں کی، آخری 3 وارداتوں کے دوران ان کی جانب سے بینک آفیسر کو ایک پرچہ دیا جس پر پیسے دینے کا مطالبہ درج تھا اور اسلحہ دکھاتے ہوئے بینک کے عملے کو لوٹا۔واضح رہے کہ سیرس بیز نے آخری 3 وارداتوں کے دوران گلابی رنگ کا بیگ استعمال کیا تھا جس پر ایف بی آئی نے سیرس کو پنک لیڈی ڈاکو کا لقب دیا تھا، ڈکیت جوڑے کو گرفتار کرنے پر ایف آئی کے اہلکاروں کو 10 ہزار ڈالر کا انعام بھی دیا گیا ہے۔ایف بی آئی کے مطابق سیرس اور الیکس پر پنسلوانیا اور کیرولائنا کی عدالتوں میں متعدد ڈکیتیوں اور خطر ناک اسلحہ استعمال کرنے پر مقدمے چلائے جائیں گے۔