مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کی طرف داغے گئے میزائل کے نتیجے میں’سدیروت‘ یہودی کالونی میں ایک عمارت تباہ ہوگئی ہے،واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پربمباری کی جبکہ اسرائیل میں نصب آئرن ڈوم میزائل شکن دفاعی نظام نے راکٹ کو فضا ہی میں تباہ کر دیا تھا۔اسرائیلی پولیس کے مطابق گزشتہ شام اسرائیلی سرحدی قصبے سدیروت پر دوسرا راکٹ داغا گیا، اس کے نتیجے
میں ایک گھر کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔اس سے قبل دوروز قبل اسرائیل نے غزہ پٹی کے ساحل کو فلسطینی ماہی گیروں کیلئے بند کر دیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سرحد پار آتش گیر غبارے چھوڑے جانے کا ردعمل ہے۔قابض اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت کے ایک کمپاؤنڈ میں زیر زمین انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔،کارروائی میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔