ریاض (این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی رِٹ بحالی میں سرگرم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ سعودی ایئر ڈیفنس نے یمنی باغیوں کی جانب سے مملکت کے سرحدی علاقوں خمیس مشیط اور ابھا کی طرف ارسال کردہ پانچ ڈرون طیارے مار گرائے۔ اس کارروائی سے شہری علاقے کسی بڑی تباہی سے بچا لئے گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ ابھا کے ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ پروازوں کی آمد ورفت میں کسی
قسم کی تاخیر نہیں ہوئی اور نہ ہی مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور مجرم حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے سرحدی شہروں کو ڈرون طیاروں کی مدد سے نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی مگر سعودی محکمہ دفاع نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حوثیوں کے پانچ ڈرون طیارے مار گرائے۔کرنل المالکی نے کہا کہ حوثیوں کے انسان دشمن اقدامات کے خلاف سعودی عرب کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق جوابی کارروائی کا بھرپور حق حاصل ہے۔