نئی دہلی(اے این این ) بھارتی وزیر اعظم نے اجازت کے باوجود کرغزستان جانے کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ چکے ہیں ۔
بھارت نے اس اجلاس میں پہنچنے کے لئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے طیارے لئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی اور پاکستان نے درخواست منظور کر لی تھی اس کے باوجود بھارتی وزیر اعظم نے پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کی ۔ وزیراعظم کا طیارہ اومان ،ایران اور وسطی ایشیائی ملکوں کے فضائی علاقوں سے گزرتا ہوا بشکیک پہنچا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے وزیراعظم مودی کے طیارے کے راستے کے بارے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بشکیک جانے کے لئے وزیراعظم کے طیارے کے لئے دو راستوں کے متبادل کو تلاش کیاتھا۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیاگیا تھا کہ وزیراعظم کا طیارہ اومان ،ایران اور وسطی ایشیائی ملکوں کے فضائی علاقوں سے گزرتا ہوا بشکیک پہنچے گا۔پہلے وزارت خارجہ کے افسران نے مودی کے طیارے کے راستے پر کئے گئے سوالوں کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا تھا کہ وزیراعظم کی سلامتی کے پیش نظر سفرکا راستہ عام نہیں کیا جاسکتا۔بشکیک میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ رسمی یا غیر رسمی میٹنگ کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ مودی کی پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں ہے