بغداد(این این آئی)عراقی حکومت نے ملک کے جنوب میں واقع مجنون آئیل فیلڈ میں نافذ ہنگامی حالت کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔عراق کے جنوبی علاقوں میں گذشتہ مہینوں کے دوران میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کے بعد اس آئیل فیلڈ میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراق کی وزارتِ تیل کی ویب سائٹ پرجاری کردہ ایک بیان میں وزیر تیل ثامر الغضبان نے کہا کہ سیلاب سے اس آئیل فیلڈ سے تیل کی پیداوار پر کوئی فرق نہیں پڑا تھا۔اس فیلڈ سے روزانہ دو لاکھ
چالیس ہزار بیرل یومیہ تیل نکالا جاتا ہے۔موسم خزاں اور بہار میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کے بعد پیشگی حفاظتی اقدام کے طور پر آئیل فیلڈ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی تھی۔واضح رہے کہ گذشتہ سال رائیل ڈچ شیل نے اس فیلڈ کو خالی کردیا تھا ۔اس کے بعد عراق کی سرکاری تیل کمپنی بصرہ آئیل نے اس کے تمام معاملات سنبھال لیے تھے۔عراق نے 2021 تک مجنون آئیل فیلڈ سے پیداوار کو بڑھا کر ساڑھے چار لاکھ بیرل یومیہ کرنے کا ا علان کررکھا ہے۔