ریاض(این این آئی)شام اور عراق میں شدت پسند گروپ داعش کے کچلے جانے کے باوجود بین الاقوامی فوجی اتحاد نے داعش کے خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق داعش کے خلاف جنگ کے لیے قائم کردہ عالمی اتحادہ کے ڈپٹی چیف جنرل کریسٹوفر ڈیکا نے بات کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل داعش کا زمین پر قبضہ ختم ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ ہم داعش کے خلاف جنگ کے نئے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش اب بھی شام اور عراق میں ایک بڑا خطرہ ہے۔
جنرل ڈیکا کا کہنا تھا کہ عالمی اتحاد شام میں سیرین ڈیموکریٹک فورسز کو داعش کے زیرزمین گروپوں کے خلاف کارروائی کے لیے تیار کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کی کرد فورسز داعش کے قیدیوں کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ داعشی جنگجوؤں کے بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمات کی حمایت کرتے ہیں۔ داعش کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔