لندن (این این آئی)برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی یونین سے بریگزٹ کی ڈیڈلائن میں تین ماہ کی توسیع کی درخواست کر دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعلان وزیر اعظم مے نے لندن میں ملکی پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کیا۔ ٹریزا مے نے کہا کہ انہوں نے یہ درخواست کرتے ہوئے اپنا ایک خط یورپی یونین کی کونسل کے صدر ٹْسک کو بھیجا۔
برطانیہ کو اب تک کے پروگرام کے مطابق انتیس مارچ تک یورپی یونین سے نکل جانا تھا۔لندن حکومت برطانوی پارلیمان سے اپنا یورپی یونین کے ساتھ طے پانے والا بریگزٹ معاہدہ دو مرتبہ رائے شماری کے باوجود اب تک منظور نہیں کروا سکی۔چند یورپی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یونین اس بات کے خلاف ہے کہ بریگزٹ کی ڈیڈ لائن بڑھا کر تیس جون کر دی جائے۔