غزہ(این این آئی)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پرہونیوالے ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی نہتے مظاہرین پر شیلنگ اور اندھا دھند فائرنگ سے ایک14 سالہ بچہ شہید اور 41 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی پابندیوں کے خلاف اور حق واپسی کی حمایت میں نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 14 سالہ بچہ یوسف سعید الدایہ شہید اور
41 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے فلسطینی بچے کا تعلق مشرقی غزہ کی زیتون کالونی سے بتایا جاتا ہے۔فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق غزہ میں نکالی جانیوالی ریلی پر فائرنگ سے زخمی ہونیوالے فلسطینیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نیغزہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں سینکڑوں شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔