ریاض(این این آئی) ایسے اندازے لگائے گئے یں کہ سعودی عرب بھی بیلسٹک میزائل کے آزمائشی تجربات میں مصروف ہے۔ اس تناظر میں اس شبے کو تقویت بعض سیٹلائٹ تصاویر سے حاصل ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سعودی عرب کے بیلسٹک میزائل سازی کے پروگرام کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ایک سابقہ بیان سے وزن ملتا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران اپنے میزائل سازی کے سلسلے کو موقوف نہیں کرتا تو اْن کا ملک بھی بیلسٹک میزائل سازی
کا پروگرام شروع کر سکتا ہے۔امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہرمونیٹری میں واقع مِڈلبری انسٹیٹیوٹ برائے انٹرنیشنل سٹڈیز کے میزائل سازی کے ماہر جیفری لوئیس کا خیال ہے کہ میزائل سازی کے اتنے وسیع پراجیکٹس پر اتنی بڑی سرمایہ کاری کو ایک طرح سے جوہری ہتھیار سازی کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے۔ جیفری لوئیس نے یہ بیان سیٹلائٹ امیجز کا مطالعہ کرنے کے بعد دیا۔ اْن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب تک سعودی حکومت کی دفاعی صلاحیتوں کا اندازہ کم لگایا گیا ہے۔