واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حریف ملک روس کے ساتھ مبینہ تعاون کی خبروں کے جلو میں امریکی ٹیلی ویڑن نیٹ ورک نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوتین کے درمیان ہونے والی ملاقات کے ترجمان کو طلب کرنے پرغورکررہی ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی صدر نے
ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان رپورٹس کو مسترد کردیا ہے جن میں روسی صدرکے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ان کے ساتھ تعاون کی یقین دلایا گیا ہے۔خیال رہے کہ امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایف بی آئی اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا صدر ٹرمپ نے روس کے مفادات کے لیے کام کیا ہے یا نہیں۔جب کہ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں کہ میں نے روس کے مفادات کے لیے کوئی کام کیا ہے۔ رپورٹس نے ڈیموکریٹس اور ری پبلیکنز دونوں کو صدر ٹرمپ کے حوالے سے سخت مایوس اور بد ظن کیا ہے۔دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے کبھی روس کے لیے کام نہیں کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی روس کے لیے کام نہیں کیا اور آپ لوگ اس کے بارے میں زیادہ بہتر جانتے ہیں۔انھوں نے صحافیوں سے مخاطب ہوکر کہاکہ یہ بات ہی شرمناک ہے کہ آپ اس طرح کا سوال کررہے ہیں۔یہ تو ایک بہت بڑا مذاق ہے۔انھوں نے کہا کہ تب ایف بی آئی کے جن لیڈروں نے میرے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا، وہ جانے پہچانے گْرگے تھے۔میں یہ اندازہ کرسکتا ہوں کہ آپ انھیں گندے اہلکار قرار دے سکتے ہیں۔