صنعاء (این این آئی)یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے کہا ہے کہ فوج اور عرب اتحاد نے الحدیدہ شہر میں حوثی باغیوں کی جانب سے شہر کے لیے مقرر کردہ حکومتی کمیٹی پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی وزیر نے کہا کہ
حوثی باغیوں نے الحدیدہ شہر اور بندرگاہ میں جنگ بندی کی مشترکہ نگرانی کے لیے قائم کردہ کمیٹی کو ایرانی ساختہ ایک ڈرون طیارے کی مدد سے حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باغیوں کی سازش ناکام بنا دی۔ خیال رہے کہ الحدیدہ شہر میں یمنی حکومت کی طرف سے جنگ بندی کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی قائم کی ہے جس کی نگرانی میجرجنرل صغیر بن عزیز کررہے ہیں۔معمر الاریانی نے حوثیوں کی طرف سے حکومتی کمیٹی کو قاتلانہ حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں الحدیدہ میں اقوام متحدہ کے امن مشن اور عالمی برادری کی طرف سے بحران کے حل کے کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کی مجرمانہ کوشش ہیں۔ادھر حوثیوں کے ترجمان اور مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین محمد عبدالسلام نے اقوام متحدہ کی طرف سے قائم کردہ مشترکہ رابطہ کمیٹی کے چیئرمین پیٹرک کامیرٹ پرکو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر اسٹاک ہوم میں طے پائے معاہدے کی شرایط سے روگردانی کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔