سری نگر(آئی این پی ) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم ڈھانے کی تمام حدیں پار کر لیں، شہید2 نوجوانوں کے جنازے پر بھی بھارتی فوج نے پیلٹ گن کے کارتوس چلا کر گیارہ افراد کو زخمی کر دیا ،کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ اور انٹرنیٹ اورموبائل فون سروس بھی بند کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے ضلع کلگام میں 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید دیا تھاجن کی شناخت زینت السلام اور ڈاکٹر عثمان کے نام سے ہوئی۔ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی
شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فورسز نے بے دریغ گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ شوپیاں میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، زیادہ افراد ہونے کی وجہ سے شہید کی نمازجنازہ تین بار ادا کی گئی۔ شہید ہونے والے نوجوان کے جنازے پر بھی بھارتی فورسز نے پیلٹ گن کے کارتوس چلا دیے، اس ظالمانہ کارروائی میں گیارہ نوجوان زخمی ہو گئے۔