تہران(این این آئی)ایران پر امریکا کی طرف سے عاید کردہ اقتصادی پابندیوں اور ایران کی خراب معاشی صورت حال کے نتیجے میں افغان مہاجرین کی بڑی تعداد وطن واپس آنے پرمجبور ہے۔ ایران میں اقتصادی بحران کے باعث2018ء کے دوران 8 لاکھ افغان مہاجرین
ایران سے واپس ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مہاجرین کے امور کی بین الاقوامی ایجنسی کی چیئرپرسن لورنس ھارٹ کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس ایران سے7 لاکھ 73 ہزار 125 افغان مہاجرن واپس ہوئے۔ سال 2017ء کی نسبت یہ تعداد 66 فی صد زیادہ ہے۔ ایران سے افغان پناہ گزینوں کی واپسی ایران میں اقتصادی مواقع کی کمی کا نتیجہ ہے۔سال 2018ء مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے اہم ترین سال ہے۔ 2012 کے بعد ایران سے سب سے زیادہ افغان مہاجرین گذشتہ برس واپس ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس پاکستان سے 33 ہزار افغان پناہ گزین واپس افغانستان پہنچے۔ افغانستان میں ابتر معاشی حالات کے باعث لوگ انسانی اسمگلروں کے ہاتھ چڑھ جاتے ہیں۔ یہ انسانی اسمگلر نہیں ایران کی سرحد عبور کرانے کے عوض ان سے 300 سے500 ڈالر لیتے ہیں۔ایران میں غیر رجسٹرڈ افغان تارکین وطن کی تعداد 15 سے 20 لاکھ کے درمیان بتائی جاتی ہے۔