واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے امریکی فوجیوں کے اچانک انخلا سے متعلق اپنے فیصلے پر خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی ہے اور کہا ہے کہ سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ اس لیے شام سے امریکی فوجیوں کا انخلا باوقار انداز میں ہوگا۔غیرملکی خبررسا ں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ہم مناسب رفتار
کے ساتھ (جنگ زدہ ملک سے) انخلا کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ داعش کے خلاف لڑائی بھی جاری رکھیں گے اور اس دوران میں تمام ضروری اقدامات کریں گے۔صدر ٹرمپ نے بیان میں یہ شکایت بھی کی کہ میڈیا نے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا اور ان کے اصل الفاظ کو تبدیل کردیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کا شام کے بارے میں تازہ موقف ان کے حقیقی بیانات سے کوئی مختلف نہیں ہے۔