صنعا(این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے کام کرنے والے عرب اتحاد نے کہا ہے کہ یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں داخلے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم کو ہرممکن سہولت مہیا کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ
حوثی ملیشیا نے سویڈن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحدیدہ بندرگاہ سے امدادی قافلے کو باہر جانے سے روکا۔ ان کا کہنا تھا کہ سویڈن میں طے پانیوالے جنگ بندی معاہدے کے بعد حوثیوں نے اس معاہدے کی 368 بار خلاف ورزی کی۔ایک سوال کے جواب میں کرنل المالکی نے کہا کہ حوثی باغیوں نے سویڈن میں جنگ بندی معاہدے کے بعد شہریوں کے خلاف ممنوعہ اسلحے کے استعمال کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ حوثیوں نے جگہ جگہ اپنے نشانچی تعینات کئے اور معاہدے پرعمل درآمد کے آغاز میں دو بیلسٹک میزائل حملے بھی کیے۔حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر سے اپنے جنگجوؤں کو نکالنے کے بجائے خندقیں کھودنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ حوثیوں کا یہ چلن سویڈن معاہدے سے کھلی رو گردانی اور اس کے نفاذ کی راہ میں روڑے اٹکانے کے مترادف ہے۔ کرنل ترکی المالکی نے پریس کانفرنس کے دوران حوثیوں کی طرف سے کھودی گئی سرنگوں کی تصاویر بھی دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب اتحاد عالمی ادارہ خوراک سمیت تمام عالمی امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔