طرابلس (این این آئی)لیبیا میں حکام نے کہاہے کہ انہوں نے ترکی سے غیرقانونی طورپر لیبیا میں اسلحہ کی سپلائی کی سازش ناکام بناتے ہوئے اسلحہ اور گولہ بارود سے لدا ایک ٹرک قبضے میں لے لیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق لیبی حکام کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ترکی نے مصراتہ بندرگاہ کے راستے لیبیا میں غیرقانونی طورپر اسلحہ کی سپلائی کی کوشش کی تھی۔
ترکی کا یہ اقدام لیبیا کے جنگجو گروپوں کواسلحہ کی فراہمی پر پابندی سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ سلامتی کونسل نے ایک قرارد منظور کی تھی جس میں2011ء کے بعد لیبیا جاری افراتفری کی روک تھام کے لیے جنگجو گروپوں کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔مصراتہ بندرگاہ کے کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ حکام نے ترکی سے آنے والا اسلحہ کا ایک کنٹینر قبضے میں لے لیا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ترکی سے یہ اسلحہ گھروں میں استعمال ہونے والے عام سامان اور بچوں کے کھلونوں کے درمیان چھپایا گیا تھا۔حکام کا کہنا تھا کہ ترکی سے آنے والے ایک جہاز سے ایک کنٹینر اتارا گیا جس میں 556 کاٹن تھے اور ان میں سے ہرایک میں 36 پستول چھپائے گئے تھے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا ہیکہ یہ اسلحہ کس گروپ کے لیے بھیجا گیا تھا،خیال رہے کہ لیبی حکام کی طرف سے ایک ماہ سے کم وقت میں ترکی سے اسلحہ کی سپلائی کی یہ دوسری سازش ناکام بنائی گئی ہے۔دو ہفتے پیشتر لیبیا کی خمس بندرگاہ سے بھی ایک جہاز پکڑا گیا تھا جس میں ترکی سے لیبیا کو اسلحہ سپلائی کیا گیا تھا۔لیبی فوج کے سربراہ خلیفہ حفتر نے سلامتی کونسل سے ترکی کی مذمت میں قرارداد منظور کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ترکی لیبیا میں جنگجوؤں کو اسلحہ اور دیگر امداد مہیا کرکے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔