مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ شام کے شمال مشرقی علاقے سے امریکی فوجیوں کا انخلا داعش کے بچے کچھے جنگجوؤں کی شکست اور ترکی کے کرد جنگجوؤں سے برتاؤ اور تحفظ کی یقین دہانی سے مشروط ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ شام سے امریکی فوجیوں کا انخلا بعض مقاصد کی تکمیل سے مشروط ہے لیکن یہ کوئی غیر معینہ وعدہ نہیں ہے۔پالیسی فیصلوں کے مطابق انخلا کا نظام
الاوقات وضع کیا جائے گا۔انھوں نے امریکی فوجیوں کے انخلا کی شرائط کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شام میں داعش کی باقیات کی شکست اور امریکی فوجیوں کے ساتھ مل کر لڑنے والی کرد ملیشیا کے تحفظ سے مشروط ہے۔جان بولٹن پہلے امریکی عہدے دار ہیں جنھوں نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ شام سے امریکی فوجیوں کا انخلا سست روی سے کیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ماہ شام میں دوہزار فوجیوں کے انخلا کا اعلان کیا تھا لیکن انھیں اس فیصلے پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔