ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ شام کی عرب لیگ میں واپسی کے لیے تمام عرب ممالک کے اتفاق رائے سے ممکن ہے۔عرب ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں انور قرقاش کا کہنا تھا کہ تمام عرب ممالک کا
شام کے بحران کے موثر سیاسی حل کا روڈ میپ دینے سے اتفاق ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دمشق کے ساتھ رابطوں کی بحالی ایرانی مداخلت کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑے گی۔انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا دمشق میں اپنا سیاسی اور سفارتی مشن بحال کرنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیاگیا ہے۔ شام میں تیزی کے ساتھ تبدیل ہوتی صورت حال اور آنے والے وقت میں دمشق کے ساتھ عرب ممالک کے رابطے ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ امارات شامی قوم، ملک کی خود مختاری اور اس وحدت کا حامی ہے۔اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے سوشل میڈیا کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپر پوسٹ ایک ٹویٹ میں کہا کہ شام میں ایرانی اور ترکی مداخلت سے عرب ممالک کا کردار زیادہ ضروری ہے۔ متحدہ عرب امارات دمشق میں اپنا سفارتی مشن بحال کرکے عرب ممالک کے شام میں کردار کو مزید فعال بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک شام میں موجود رہ کر جنگ کے خاتمے اور شام میں دیر پا قیام امن کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرسکتے ہیں۔