نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی کابینہ نے بھارتی سرحد کے نزدیک پاکستانی علاقے میں واقع گرودوارہ دربار صاحب تک انڈین یاتریوں کو رسائی دینے کے لیے خصوصی کوریڈور تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ۔پاکستان نے بھارتی کابینہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ قدم دونوں ممالک میں امن کی خواہشمند لابی کی جیت ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو کابینہ کے اجلاس کے بعد نئی دہلی میں صحافیوں کو تفصیل بتاتے ہوئے انڈین وزیرِ خزانہ
ارون جیٹلی نے بتایا کہ حکومت انڈین پنجاب کے ضلع گروداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے پاکستان کی سرحد تک راستہ تعمیر کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ راستہ بنانے کا مقصد ان انڈین یاتریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو پاکستانی علاقے میں دریائے راوی کے کنارے واقع گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کی زیارت کے لیے جانا چاہتے ہیں۔ارون جیٹلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈین ریلوے اس سلسلے میں ایک ٹرین چلائے گی جو گرونانک سے وابستہ مقدس مقامات سے گزرے گی۔