پیرس (آئی این پی ) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ان کی حکومت مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو ممکنہ طور پر پناہ فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان سے مذاکرات کر رہی ہے۔ پیر کوفرانسیسی غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کو انٹرویو کے دوران جسٹس ٹروڈو نے کہا کہ ‘ہم آسیہ بی بی سے متعلق حکومت پاکستان سے بات چیت کر رہے ہیں۔جسٹن ٹروڈو ان دنوں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے منعقدہ امن کانفرنس میں شرکت کے لیے پیرس میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ پاکستان کے لیے نازک معاملہ ہے جس کا ہم احترام کرتے ہیں، اس لیے میں اس سے متعلق زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا لیکن میں لوگوں کو یہ یاد دلاؤں گا کہ کینیڈا استقبال کرنے والا ملک ہے۔واضح رہے کہ کئی ممالک کی جانب سے آسیہ بی بی کے خاندان کو پناہ دینے کی پیشکش کی جاچکی ہے۔آسیہ بی بی کے شوہر نے خصوصی طور پر برطانیہ، کینیڈا اور امریکا کو پناہ دینے کی درخواست کی تھی اور انہوں نے دعوی کیا تھا کہ ان کی اہلیہ کی جان کو پاکستان میں خطرہ ہے۔