مقبوضہ غزہ(این این آئی)فلسطین کے شورش زدہ علاقے میں چند روز کشیدگی میں معمولی کمی کے بعد گذشتہ شام اسرائیلی فوج نے حملہ کرکے کم سے کم سات فلسطینی شہید کردئیے۔ دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل پر 7 راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں اندر داخل ہو کرحماس کے ایک لیڈر کو پکڑنے کے لیے
کارروائی کی۔ اس دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔جھڑپ اور اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں سات فلسطینیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق دفاعی شیلڈآئرن ڈوم نے غزہ سے داغے دو راکٹ فضاء میں تباہ کردئیے۔غزہ کی پٹی میں تازہ کشیدگی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نینت یاھو اپنا فرانس کا دورہ مختصر کرکے واپس آگئے ہیں۔ اسرائیل کے غزہ کی سرحد کے قریب واقع یہودی کالونیوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ہلال احمر فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور بم باری سے مشرقی خان یونس میں سات فلسطینی مارے گئے۔ فلسینی وزارت صحت نے بھی سات فلسطینی شہریوں کے شہید کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ان میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دور کمانڈر بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہناتھا کہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران اس پر حماس کے جنگجوؤں کی طرف سے شدید فائرنگ کی تاہم اس کارروائی میں اسرائیلی فوج کے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔