تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران کے فوجی دستے شامی فوج کے شانہ بشانہ شمال مغربی صوبے ادلب میں باغی گروپوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ کے لیے پہنچ گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک عسکری ذریعے نے بتایا کہ سپاہِ پاسداران انقلاب کے لیڈرو ں کو ادلب میں جلد فوجی آپریشن شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جبکہ روس کے لڑاکا طیاروں نے صوبے پر فضائی حملوں
کا آغاز کردیا ہے۔اس ذریعے نے شام میں لڑائی کے لیے پہنچنے والے ایرانی فوجیوں کی درست تعداد تو نہیں بتائی۔البتہ اس بات کی تصدیق کی کہ سپاہِ پاسداران انقلاب کے دسیوں اہلکار اور بسیج ملیشیا کے جنگجو گزشتہ روز پہنچے۔یہ اطلاع ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شامی فوج صوبہ ادلب کا گھیراؤ کررہی ہے۔ وہ وہاں باغی گروپوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے مجتمع ہورہی ہے۔