جدہ(سی پی پی )سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق نے شمیسی سینٹرکا دورہ کیا اور موجود پاکستانی قیدیوں سے حالات دریافت کئے۔اس موقع پر قونصل جنرل شہریار اکبر خان اور قونصل محمد حسن بھی انکے ہمراہ تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق شمیسی ڈیپوٹیشن سینٹرکے ڈائریکٹر جنرل نے انکا استقبال کیااور سینٹر میں موجود پاکستانی قیدیوں اور وہاں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں سفیر پاکستان اور قونصل جنرل کو بریفنگ دی گئی۔
انکو بتایا گیا کہ حراست میں لئے گئے افراد کو جلد از جلد اپنے ممالک بھجوانے کے عمل کو تیز کرنے کے لئے سعودی حکومت نے مختلف اقدامات کئے ہیں۔سفیر پاکستان نے زیر حراست افراد کیلئے ہاؤسنگ، طبی اور خوراک کے اچھے انتظامات کی تعریف کی اور سعودی حکومت کاشکریہ ادا کیا۔سینٹر کی انتظامیہ نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 1500 افراد زیرحراست ہیں جن پر مملکت کے اقامتی قانون کی خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی۔