بیجنگ(این این آئی)چین کی قومی فضائی کمپنی کی ایک پرواز کو دہشت گردی کی ایک مشتبہ دھمکی کے بعد واپس پیرس اتار لیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ پرواز پیرس سے بیجنگ کے لیے روانہ ہوئی تھی اور اس کو اڑان بھرنے کے تھوڑی کے بعد ہی پیرس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر واپس لے جایا گیا۔ائیر چائنا نے چین کی سوشل نیٹ ورکنگ سروس ویبو پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہاکہ ائیر چائنا کو دہشت گردی کا ایک مشتبہ پیغام موصول ہوا تھا۔اس کے بعد پرواز سی اے 876 کو پیرس میں واپس
اتار لیا گیا ہے۔اس کا عملہ اور تمام مسافر بالکل خیریت سے ہیں تاہم بعد میں چین کے سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ یہ معاملہ ایک غلط الارم کی بنا پر پیش آیا ہے۔ ائیر چائنا نے مشرقی معیاری وقت (ای ایس ٹی ) کے مطابق صبح 8.00 بجے ایک ایمرجنسی کی اطلاع دی تھی۔اس پرواز کے ریکارڈ کے مطابق اس وقت طیارہ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کی فضائی حدود تک نہیں پہنچا تھا اور پھر وہاں سے اس کو واپس پیرس لے جایا گیا۔ائیر چائنا کا کہنا ہے کہ اس پرواز کو مسافروں اور عملہ کے تحفظ کے پیش نظر واپس اتار ا گیا تھا۔