درعا(انٹرنیشنل ڈیسک)شام کے جنوبی شہر درعا سے حکومت کے ساتھ سمجھوتے کے تحت باغیوں اور ان کے خاندانوں کے انخلا کا آغاز ہوگیا ۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق درعا میں سیکڑوں جنگجو اور شہر میں موجود رہ جانے والے ان کے بہت تھوڑی تعداد میں رشتے داروں کو پندرہ بسوں پر سوار کر کے روانہ کردیا گیا ہے۔برطانیہ میں قائم شامی
رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے اطلاع دی کہ بسیں جنگجوؤ ں اور ان کے خاندانوں کے اکٹھے ہونے کی جگہ سے شہر کے کنارے کی جانب جارہی ہیں جہاں ان کی تلاشی لی جا رہی ہے۔انھیں شام کے شمال مغربی علاقے کی جانب منتقل کیا جارہا ہے۔درعا سے باغیوں کے انخلا کے بعد شامی فوج کے شہر پر کنٹرول کی راہ ہموار ہوجائے گی۔