عمان(انٹرنیشنل ڈیسک)اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے کہاہے کہ شام میں سیاسی تصفیہ اردن کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ شام کا حل سیاسی نوعیت کا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں الصفدی کا کہنا تھا کہ اردن کی سرحد شامیوں تک سپورٹ پہنچانے کے واسطے مرکزی دروازے کے طور پر باقی رہے گی۔
انہوں نے جنوبی شام کی صورت حال سے جلد از جلد نمٹنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں معاونت پیش کرنا ہو گی تا کہ جنوبی شام مین کسی انسانی المیے سے بچا جا سکے۔اردن کے وزیر خارجہ نے جنوبی شام کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک شامی بحران کے خاتمے کے واسطے روس کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔الصفدی کے مطابق اردن جنوبی شام میں سیف زون کی پاسداری کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطی میں امن کے لیے امریکی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور رابطے جاری ہیں۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بتایاہ انہوں نے اردن کے ساتھ اقوام متحدہ کے فیصلے کے مطابق شام کے تصفیے کے حوالے سے بات چیت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ہم شامی حکومت اور جنوب میں اپوزیشن کے درمیان بات چیت میں اردن کے کردار کو گراں قدر جانتے ہیں۔لاؤروف نے کہاکہ روس اور اردن مشرق وسطی میں تصفیے کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں پر لازم ہے کہ وہ پیشگی شرائط کے بغیر شامی پناہ گزینوں کی مدد کریں۔