ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ قطر کے عازمین حج جدہ میں قائم شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے راستے سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت حج عمرہ کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ 1439ھ کے حج سیزن پر دنیا بھر سے دو ملین سے زاید عازمین حج کی مملکت میں آمد متوقع ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے عازمین حج کو مناسک حج کی ادائی کے لیے ہرطرح کی سہولت فراہم کرنے اور ان کی تمام مادی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہرممکن سہولت کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عازمین حج اطمینان کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ قطرکے محکمہ امور حج کی طرف سے رواں سال حج کی درخواستوں پر کارروائی کرنے کے بجائے وقت ضائع کرنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے جس کے بعد سعودی وزارت حج عمرہ نے قطری عازمین حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت مہیا کی ہے۔ قطری عازمین حج جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب کی حکومت قطری عازمین حج کو دیگر ممالک سے آئے مہمانوں کے برابر ہرممکن سہولیات اور خدمات فراہم کرے گی۔ مدینہ منورہ، مکہ معظمہ اور مشاعر مقدسہ میں ان کی آمد ورفت اور قیام سمیت ہرطرح کی سہولیات کی فراہمی کا بندوبست کیا گیا ہے۔