ریاض(آئی این پی)حکام کو مطلوب بہن کو چھپانے کے الزام میں سعودی فوجداری عدالت نے بھائی کو 9سال جیل کی سزا سنا دی،ملزم حشیش اور ممنوعہ “کیپٹاگون” کیپسول کی خرید اور پھیلائو میں بھی شریک جرم پایا گیا۔غیر ملکی ذرائع کے مطابق ریاض میں خصوصی فوجداری عدالت نے ایک سعودی شہری کو 9 سال جیل کی سزا سنائی ہے۔ سعودی شہری پر الزام تھا کہ اس نے سکیورٹی حکام کو مطلوب اپنی بہن کو چھپایا
اور وہ سکیورٹی اہل کاروں پر فائرنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزم کی سزا کی مدت کے برابر عرصے تک اس پر ملک سے باہر سفر کرنے پر بھی پابندی ہو گی۔؎عدالتی کارروائی میں مذکورہ الزامات کے علاوہ ملزم کے ہنگامہ آرائی کرنے والے مجمع کے ساتھ شرکت اور اس کے لیے سپورٹ پیش کرنے کو بھی زیر غور لایا گیا۔ ملزم کے خلاف یہ امر بھی ثابت ہوا ہے کہ اس نے منشیات کی تجارت کی غرض سے دو افراد سے ملاقات کی اور سکیورٹی فورسز کو ان کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔ وہ حشیش اور ممنوعہ “کیپٹاگون” کیپسول کی خرید اور پھیلا میں شریک رہا۔ اس نے منشیات کی تجارت کے ذریعے رقم حاصل کی۔