کوہاٹ؍کابل(این این آئی)افغانستان میں بم دھماکہ اورشدیدجھڑپوں میں 16 پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ۔سرحدپار سے موصولہ اطلاعات اور افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کے روزتقریباً بارہ بجے دوپہرافغان صوبے لوگر کے ضلع چرخ کے گاؤں اسماعیل خیل میں اْس وقت ایک زبردست دھماکہ ہوا جب مقامی لوگ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کی حمائت کرنے کے لئے جمع تھے جس کے نتیجے میں ابتدائی
معلومات کے مطابق کم از کم 8 افغان شہری جاں بحق اور کئی دوسرے زخمی ہوگئے۔ افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ادھر تاجکستان کے سرحد ی صوبہ تخار کے ضلع چاہ آب میں طالبان عسکریت پسندوں نے گزشتہ شب افغان سرحدی پولیس کے کئی چوکیوں پر ہلہ بول دیا جس کے نتیجے میں 16 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔سرکاری حکام کے حوالے سے آمدہ اطلاعات کے مطابق 6 دیگر پولیس اہلکار لاپتہ بھی ہوگئے ہیں۔