کچھ(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست گجرات میں طلباء یونین نے انتخابات میں دھاندلی اور نام کاٹے جانے پر پروفیسر کے منہ پر کالک مل کر احتجاجی جلوس نکالا،کالک سے پروفیسر کی جلد متاثر ہونے پر اسپتال داخل کر دیا گیا، پولیس نے متعدد طلبہ کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے یونیورسٹی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کی کچھ یونیورسٹی میں طلبہ نے آئندہ ماہ ہونیوالے طلبہ یونین کے انتخابات میں دھاندلی اور بعض کے نام لسٹ سے کاٹے جانے کے خلاف جم کر
احتجاجی مظاہرہ کیا۔طلبہ اپنی شکایت لیکر یونیور سٹی کے الیکشن افسر گیرین بخشی کے پاس پہنچے اور وہاں بات چیت کے دوران ہنگامہ برپا کردیا ۔طلبہ نے پروفیسر بخشی کے چہرے پر کالک پوت کر جلو س کی شکل میں گھمایا۔کالک سے ان کی جلد متاثر ہوگئی اور علاج کیلئے انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر سی بی بی جڈیجہ نے اس واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کی میٹنگ طلب کی اور واقعہ کی مذمت کی۔ وائس چانسلر نے اس واقعہ کی رپورٹ پولیس کو بھی دی جس نے موقع پر پہنچ کر متعدد طلبہ کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے یونیورسٹی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیئے۔