واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے تارکینِ وطن کو کسی قانونی کارروائی کے بغیر فوراً ملک بدر کردیا جانا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے کئی ٹوئٹس میں صدر ٹرمپ نے امریکہ میں جاری غیر قانونی تارکینِ وطن سے متعلق تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم ان تمام لوگوں کو اپنے ملک پر ہلہ بول دینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کا نظام اچھی امیگریشن پالیسی اور قانون و انصاف کے ساتھ ایک مذاق ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکہ کے امیگریشن قوانین کا دنیا بھر میں مذاق اڑایا جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام میں ان لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے جو کئی برسوں تک قطاروں میں کھڑے رہ کر قانونی راستے سے امریکہ آنے کا انتظار کرتے ہیں۔ اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو کسی جج یا عدالت کے سامنے پیش کیے بغیر ہی فوراً وہیں واپس بھیج دینا چاہیے جہاں سے وہ آئیں۔ ٹرمپ نے اپنے اس دیرینہ مطالبے کا بھی اعادہ کیا کہ امریکہ میں شہریت دینے کا عمل اہلیت کی بنیاد پر استوار ہونا چاہیے کیوں کہ ان کے بقول ہمیں ایسے لوگ چاہئیں جو امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے میں ہماری مدد کریں۔صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا کہ ان کی حکومت غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے اپنے دونوں پیش رووں 150 صدر جارج ڈبلیو بش اور صدر اوباما کی حکومتوں سے بہتر کام کر رہی ہے اور ڈیموکریٹس کو اس کی مزاحمت کرنے کے بجائے قوانین درست کرنے میں ان کی مدد کرنے چاہیے۔