ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہزادہ الولید بن طلال کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اکیسویں صدی میں داخل ہو گیا ہے، شہزادہ الولید بن طلال نے یہ الفاظ اپنی بیٹی ریم کے گاڑی چلانے پر کہا، تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں 28 سال پہلے خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی لگائی گئی تھی اور آج 24 جون 2018ء کو اس پابندی کا خاتمہ ہوگیا ہے، اب سعودی عرب میں بھی خواتین گاڑی چلا سکیں گی۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ستمبر 2017ء میں خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی ہٹانے
کا اعلان کیا تھا جس پر اب عملدرآمد شروع ہوگیا ہے، شہزادہ الولید بن طلال کی صاحبزادی ریم نے انہیں گاڑی میں بٹھا کر سیر کروائی اور گاڑی چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کر دی گئی ہے۔ رات بارہ بجے جیسے ہی گھڑی نے نئے دن کے آغاز یعنی 24 جون کا پیغام دیا تو شہزادہ الولید بن طلال نے اپنی صاحبزادی ریم کے برابر والی سیٹ پر بیٹھ کر ویڈیو بنائی، اس موقع پر شہزادہ الولید بن طلال نے پچھلی سیٹ پر بیٹھی ہوئی اپنی پوتیوں سے کہا کہ سعودی عرب اکیسویں صدی میں داخل ہو گیا ہے۔