تیونس سٹی(این این آئی)تیونس کے صوبے المنستیر میں ایک مسجد کے امام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین امیدواروں کو ووٹ نہ دیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ انتخابات میں صرف نمازی امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالا جائے۔ مذکورہ امام کے اس موقف پر تیونس میں مختلف حلقوں کی جانب سے سخت نا پسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ان حلقوں کے نزدیک یہ امر واضح طور پر مداخلت اور ایک مخصوص گروپ کے حق میں جانب داری ہے۔دوسری جانب مذہبی امور کی وازرت نے جاری فیصلے میں مذکورہ امام کو اپنے منصب سے برخاست کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیصلے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ مسجد کے امام نے منبر کو ایک مخصوص سیاسی جانب کے حق میں ووٹ ڈالنے کی دعوت دینے کے واسطے استعمال کیا۔