ڈھاکا(آئی این پی ) بنگلہ دیش نے بھارت کو مسلمان ممالک کی عالمی تنظیم او آئی سی میں بطور مبصر رکنیت دینے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر اسلامی ممالک جہاں مسلمان آبادی زیادہ ہو انہیں بطور مبصر رکن کے شامل کیا جانا چاہیئے۔ مسلمانوں کی زیادہ آبادی والے غیر اسلامی ممالک کو خود سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔ تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں او آئی سی کی کونسل برائے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس ہوا جس میں بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبد الحسن علی نے بھارت کی او آئی سی میں شمولیت کا مطالبہ کیا۔ بنگلہ دیشی وزیر
کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت ہے جس کے تحت وہ غیر اسلامی ممالک جہاں مسلمان آبادی زیادہ ہو انہیں بطور مبصر رکن کے شامل کیا جانا چاہیئے۔ مسلمانوں کی زیادہ آبادی والے غیر اسلامی ممالک کو خود سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔واضح رہے کہ مسلمانوں کی عالمی آبادی کا تقریبا دس فیصد بھارت میں آباد ہے جو انڈونیشیا اور پاکستان کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ بھارت میں 18 کروڑ 20 لاکھ مسلمان رہتے ہیں جب کہ بنگلہ دیش میں اس سے کم یعنی 140 ملین اور نائیجریا میں 95 ملین مسلمان آباد ہیں۔