کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں نیٹو افواج کی موجودگی پر ایک اور سوالیہ نشان لگ گیا،طالبان نے شمال مشرقی صوبے کے اہم ضلع کوہستان پر قبضہ کر لیا،قبضے کی کارروائی میں15 اہلکار مارے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان سکیورٹی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ طالبان عسکریت پسند شمال مشرقی صوبے بدخشاں کے اسٹریٹیجک نوعیت کے ضلع کوہستان کے وسطی حصے میں داخل ہو گئے ہیں۔ افغان فوج کے ترجمان
کے مطابق کوہستان کے مرکزی حصے پر قبضے کی جنگ میں مقامی پولیس کے پانچ اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں کی چڑھائی کے بعد مقامی اور قومی فورسزکی پیچھے ہٹنے کی بنیادی وجہ اضافی کمک کا نہ پہنچنا تھا اور اب انہوں نے قریبی علاقوں میں پوزیشن سنبھالی لی ہے۔ طالبان کے ترجمان نے اس کارروائی میں پندرہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔