تہران(نیوز ڈیسک)غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ مستحکم قیادت کی بدولت ایران نے دفاعی ضروریات کے تمام ہتھیار ملک کے اندر تیار کئے ہیں جس کی وجہ سے دنیا کا کوئی بھی ملک ایران کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی طاقت نہیں رکھتا۔سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے ترجمان بریگیڈیئر رمضان شریف نے صوبے قزوین کے شہر الوند میں محنت کشوں کے دن کے موقع پر شہدا کے ایک سیمینار سے
اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایران، دنیا کا واحد ملک ہے جو اپنے فیصلے آزادانہ طور پر خود کرتا ہے اور وہ شہدا کی راہ کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے عوام کی رفاہ اور اقتصادی ترقی کی راہ میں قدم آگے بڑھا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی ماہیت، ظلم و استکبار کے خلاف مہم پر استوار ہے اور یہی بات سبب بنی ہے کہ استکبار مخالف مہم کا دائرہ علاقے اور عالم اسلام کے دائرے سے وسیع ہو جائے بریگیڈیر رمضان شریف نے کہا کہ سپاہ پاسداران ، اسلامی انقلاب کی پیداوار ہے جس کا تشخص، ولایت کے زیرسایہ عوامی ہونے میں نمایاں ہوا ہے۔