استنبول(آئی این پی)ترکی میں اپوزیشن اخبار جمہوریت کے متعدد ملازمین کے خلاف سزاؤں کا عدالتی اعلان کر دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق استنبول کی ایک عدالت نے اخبار کے ناشر آکین اتالائے، مدیر اعلی مراد سابونچو اور تفتیشی صحافی احمد سیک کو چھ سال سے زائد کی سزائیں سنائی ہیں۔
اس اخبار کے سترہ ملازمین پر دہشت گرد تنظیموں سے تعاون اور ان کی تشہیر کرنے کے مقدمات قائم کیے گئے تھے۔ تین ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔ عدالت کے مطابق اپیل کورٹ کا فیصلہ آنے تک ان افراد کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ جمہوریت کا شمار انقرہ حکومت کے ناقد اخبارات میں ہوتا ہے۔