نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس نے ایک بچے کی لاش کو 37 دن تک سوٹ کیس میں چھپائے رکھا اور وہاں پھیلنے والی بدبو کو مرے ہوئے چوہوں کی بو قرار دیتا رہا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نئی دہلی پولیس نے کہاکہ اس شخص نے سات سالہ بچے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش چھپائے رکھی۔پولیس نے ہمسائیوں کی جانب سے بدبو پھیلنے کی شکایت کیے جانے کے بعد لاش برآمد کی۔
پولیس کے مطابق سویدیش سکایا نامی اس شخص نے بچے کو تاوان کے لیے اغوا کیا اور اپنا جرم چھپانے کے لیے اسے قتل کر دیا۔27 سالہ سکایا قتل کیے جانے والے بچے کے والدین کے ہی ایک گھر میں آٹھ سال سے کرائے پر مقیم تھا۔پولیس نے اخبار کو بتایا کہ سکایا نے تسلیم کیا کہ اس نے بچے کو سائیکل خرید کر دینے کا کہہ کر اغوا کیا۔لیکن بعد میں پولیس کی جانب سے بچے کی تلاش کیے جانے پر وہ بوکھلا گیا اور بچے کو قتل کر دیا۔ہمسائیوں کی جانب سے گھر سے آنے والے بْو پر اس نے کہا کہ گھر میں چوہے مرے ہوئے ہیں اور اس نے انہیں ایک چوہا دکھایا بھی۔لیکن پولیس کو اس وقت شک ہوا جب سکایا نے ان کے فون کا جواب دینا بند کر دیا جس کے بعد اس کے گھر کی تلاشی لی گئی۔بچے کے والد کرن سینائی کا کہنا تھا کہ سکایا نے تو بچے کے تلاش میں ان کی مدد بھی کی تھی۔