قاہرہ(این این آئی)مصر کے صدارتی انتخابات کے لئے نامزد سابق آرمی چیف جنرل سامی عنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق جنرل سامی عنان کی الیکشن مہم کے حوالے سے بتایا کہ مصری مسلح افواج نے آج جنرل عنان کو طلب کیا تھا، جس کے بعد انھیں گرفتار کرلیاگیا۔دوسری جانب مصر کی مسلح افواج نے ایک بیان کہا کہ جنرل سامی عنان کو کاغذات نامزدگی میں بے ضابطگیوں اور جعلسازی کے الزام میں طلب کیا گیاتھا ۔
ساتھ ہی ان پر اپنے ویڈیو پیغام میں عوام کو اکسانے کا بھی الزام ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سامی عنان تاحال فوج کے اعزازی جنرل کے عہدے پر فائز ہیں جس کے تحت وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں۔70سالہ سامی عنان 2005 تا 2012 آرمی چیف کے عہدے پر فائز رہے، انہوں نے فیس بک سے اپنے ویڈیو خطاب میں ملک کو بدحالی سے بچانے کیلئے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا، ساتھ ہی موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی پر کڑی نکتہ چینی بھی کی تھی۔