کویت سٹی(این این آئی)کویت کی ایک عدالت نے ایک مقامی بلاگر کو سعودی عرب سے متعلق تنقیدی ٹویٹس کی وجہ سے پانچ سال قید کی سزا سنا دی ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شل میڈیا پر سرگرم اس بلاگر کو یہ سزا ملکی فوجداری عدالت نے سنائی۔عدالت نے بتایاکہ یہ بلاگر سعودی عرب کی توہین اورسعودی کویتی تعلقات کو خطرے میں ڈال دینے کا سبب بنا تھا۔ملزم کا نام عبداللہ الصالح ہے۔
اور اس نے ٹویٹر پر اپنے تنقیدی بیانات کے ساتھ نہ صرف سعودی عرب کی ‘بے عزتی‘ کی تھی بلکہ وہ کویت کے خلیج کے علاقے کی اس سب سے طاقت ور ریاست کے ساتھ تعلقات کو بھی خطرے میں ڈال دینے کا باعث بنا تھا۔عبداللہ الصالح کو یہ سزا کئی مہینوں سے جاری اس علاقائی تنازعے سے متعلق اس کے تبصروں کی وجہ سے سنائی گئی ہے، جس میں ایک طرف خلیجی ریاست قطر ہے اور دوسری طرف سعودی عرب کی قیادت میں خلیجی اور غیر خلیجی عرب ممالک کا وہ گروپ جس نے پچھلے سال سے قطر کا بائیکاٹ کرنے کے علاوہ اس کے خلاف پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔