عمان (آئی این پی)اردن نے بلا جواز الزام تراشی پر ایرانی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے اردنی قیادت پر بلا جواز تنقید اور الزام تراشی پر عمان حکومت نے تہران سے سخت احتجاج کیا ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے اردنی فرمانروا اور حکومت کے خلاف ‘نازیبا’ ریمارکس پر گذشتہ روز عمان میں ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے
احتجاج کیا گیا۔اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق عمان حکومت نے ایرانی سفیر پر واضح کیا ہے کہ تہران حکومت کے ترجمان کا بیان اردن کی علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، فتنہ وفساد کی روک تھام اور عرب اقوام کے مسائل پر سودے بازی کرنے کی سازشوں کی روک تھام کی کوششوں کو ناکام بنانے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کو تمام عرب ممالک کے ساتھ دوستانہ مراسم کے قیام کے لیے غیر مناسب پالیسی ترک کرنے کے ساتھ ساتھ عرب ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہنا ہو گا۔